ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹی ڈی آر کی تقسیم میں گھپلے کا نتیجہ،معروف ریئل ایسٹیٹ کمپنی سمیت پانچ مقامات پر اے سی بی کے چھاپے

ٹی ڈی آر کی تقسیم میں گھپلے کا نتیجہ،معروف ریئل ایسٹیٹ کمپنی سمیت پانچ مقامات پر اے سی بی کے چھاپے

Sun, 05 May 2019 12:07:04    S.O. News Service

بنگلورو،5؍مئی(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے میں سڑکوں کو کشادہ کرنے کے متعلق ٹی ڈی آر کی اجرائی میں مبینہ گھپلے کی تحقیقات کو کافی تیزی سے آگے بڑھاتے ہوئے آج انسداد کرپشن بیورونے بین الاقوامی ریٹیل مارکیٹنگ چین والمارٹ کے سربراہ سمیت پانچ مقامات پر چھاپے مارے اور یہ پتہ لگایا کہ نجی فریقوں کے فائدے کے لئے ٹی ڈی آر کے نام پر ریاستی حکومت کو کروڑوں روپیوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ جن لوگوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ان میں بی ڈی اے کے اسسٹنٹ ایگزی کیٹیو انجینئرکرشنا لال کا گھر اور دفتر بھی شامل ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ کرشنا لال نے ریسی ڈنسی روڈ پر واقع والمارٹ رئیل ایسٹیٹ ، ریالیٹی ہولڈنگ پرائیوٹ لمیٹیڈ کے دفتر کے علاوہ اس کمپنی کے ڈائرکٹر رتن بابو لال لات کے ایرپورٹ روڈ پر واقع دفتر اور مکان پر بھی چھاپے مارے گئے۔ بتایاجاتاہے کہ ٹی ڈی آر گھپلے میں اس کمپنی نے حکومت کو کروڑوں روپیوں کی دھوکہ دہی دی ہے، دستخطوں کی جعل سازی کا پتہ لگا ہے۔ والمارٹ کمپنی کے ہی امت جے بولار اور کے گوتم کے ٹھکانوں پر بھی آج صبح سویرے اے سی بی نے دھاوا بولا اور ٹی ڈی آر گھپلے کے متعلق دستاویزات برآمد کئے۔ بی ڈی اے اور بی بی ایم پی کی طرف سے سڑکوں کو کشادہ کرنے کے کئی منصوبوں کے عوض جاری کئے گئے ٹی ڈی آر سے متعلق دستاویزات یہاں سے ضبط کرلئے گئے۔ بتایاجاتاہے کہ تعمیراتی پراجکٹوں کے لئے یہ کمپنی فرضی ٹی ڈی آر کا استعمال کرنے کی کوشش میں تھی، اور ا س سے ریاستی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔ اے سی بی کے ایس پی سنجیو پاٹل جن کی نگرانی میں یہ چھاپے مارے گئے ، انہوں نے بتایاکہ اس معاملے کی کافی سختی سے جانچ آنے والے دنوں میں جاری رکھی جائے گی۔ اس دوران کل بلنڈور میں بی بی ایم پی کے اسسٹنٹ ایگزی کیٹیو انجینئر کے دفتر میں آگ لگ جانے اور یہاں ٹی ڈی آر سے جڑی کئی فائلوں کے خاکستر ہوجانے کے بعد یہ شبہات پختہ ہوگئے کہ ٹی ڈی آر کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے۔ اس سے پہلے کہ تحقیقات کے لئے مطلوبہ مزید دستاویزات تباہ کردئے جاتے یا پھر کہیں اور منتقل کردئے جاتے اے سی بی نے تمام مشتبہ مقامات پر بیک وقت دھاوا بول دیا۔


Share: